یلاپور:30؍اگست (ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے وجّرلّی گرام پنچایت حدود کے تلکیبائیل میں زمین کھسکنے اور کلچی میں زمین کھسکنے سے باغات اور گھر وغیرہ گنوا بیٹھے علاقے کا ریاستی وزیر آب پاشی سی سی پاٹل نے دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا اور کلچی میں متاثرین کی شکایتوں کو سماعت کیا۔
وزیر موصوف نے جب تلکیبائل میں جہاں ریاستی شاہراہ کھسکی تھی وہاں کا دورہ کیا تو علاقے کے لوگوں نے انہیں میمورنڈم سونپتے ہوئے اپنے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ میمورنڈم میں کہاگیا ہےکہ شاہراہ کھسکنے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، عارضی سڑک پر بسوں اور بھاری سواریوں کا گزرنا محال ہے، اگر یہاں سڑک تعمیر بھی کی جاتی ہے تو مستقبل میں کبھی نہ کبھی خطرہ ہو سکتا ہے، جس کے لئے بہترین حل یہی ہےکہ ملولی سے پدماپورکے ذریعے قومی شاہراہ سےجوڑنے والی سڑک تعمیر کی جائے۔ اسی روڈ کو انکولہ اور یلاپور سے جوڑا جائے ۔عوام نے یہ بھی کہا کہ فوری طورپر ہوٹرتے ، بالسلد کے قریب متبادل سڑک تعمیر کرتے ہوئے بسوں کے لئے سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر ضلع نگراں کاروزیر شیورام ہیبار نے بھی متعلقہ وزیر کو متوجہ کیا۔
عوام سے میمورنڈم وصول کرنے کے بعد وزیر سی سی پاٹل نے مثبت انداز میں خیال ظاہر کرتےہوئےکہاکہ وزیر شیورام ہیبار نے حالات کے متعلق کافی کچھ بتایا ہے، خود وزیر اعلیٰ نےبھی یہاں کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دلائی ہے، یہاں کے عوام نے جو کچھ کہاہے اس پر غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملولی گرام پنچایت کے نائب صدر سبنا کونٹے گالی ، ممبر دیپک بھٹ، سبنا بولمنے ، سدانند بھٹ، مہابلیشور ، نارائن بھٹ وغیرہ موجود تھے۔
اس کے بعد وزیر موصوف کلچی دیہات بھی پہنچے جہاں بھی زمین کھسکنے کی واردات پیش آئی تھی۔ کلچی کے اننت گاؤنکر کے گھر میں دیہی عوام کے ساتھ میٹنگ کرتےہوئے وزیر نے ان کی شکایتوں کو سماعت کیا۔ وزیر موصوف کے سامنے دیہی عوام نے جذباتی انداز میں کہا کہ بازآباد کاری کرنا ہے تو ہر طرح کی بنیادی سہولیات کو فراہم کیا جانا چاہئے لوگوں نے کہا کہ ہم اسی وقت یہاں سے نکلیں گے ورنہ یہیں زندگی بسر کرتے ہوئے یہیں مر جائیں گے۔ وزیر پاٹل نے کہاکہ کلچی دیہات کے سبھی حالات وزیراعلیٰ کو معلوم ہیں، یہاں کے عوام کی بازآبادکاری کرنا حکومت کا مقصدہے ، کس طرح کرنا ہے اس تعلق سے سوچ بچار کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔ وجرلی گرام پنچایت کی صدر وینا گاؤنکر، نائب صدر رتنا باندیکر، امیش بھاگوت، گجانن بھٹ، سبرامنیا ، وینکٹ رمن بیلی ، سرسی کے اے سی آکرتی بنسال، تحصیلدار کرشنا کامکر سمیت کافی ددیگر افسران سمیت دیہی عوام موجود تھے۔